محرم الحرام کا سکیورٹی پلان،حساس مقامات،راستوں کی کڑی نگرانی کا حکم

محرم الحرام کا سکیورٹی پلان،حساس مقامات،راستوں کی کڑی نگرانی کا حکم

ملتان (کرائم رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری کی زیر صدارت محرم الحرام 2025 کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام ضلعی پولیس افسروں، حساس اداروں، ریسکیو، سول ڈیفنس، امن کمیٹیوں اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے ، ممکنہ خطرات اور سکیورٹی چیلنجز اور پلان پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ آر پی او ملتان نے کہا کہ محرم کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دیا جا رہا ہے ۔ ہر جلوس اور مجلس کی کیٹیگری کے مطابق سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ حساس مقامات کی نشاندہی، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، سرچ آپریشنز اور داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جائے ۔ تمام مذہبی سٹیک ہولڈرز، امن کمیٹیوں اور مکاتب فکر کے نمائندوں کو اعتماد میں لے کر محرم کے پرامن انعقاد کو ممکن بنایا جائے گا۔آر پی او ملتان نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے انتظامات جوش و جذبے سے جاری ہیں، اور انشاء اللہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور عوام کی باہمی شراکت سے امن و سلامتی کا ماحول برقرار رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے تمام مسالک کے علماء محرم الحرام میں قیام امن کیلئے  ہر ممکن تعاون کریں گے۔ محرم کے ایام میں مشکوک افراد اور سامان  پر کڑی نظر رکھی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں