دفاتر میں ای فائلنگ سسٹم نافذ کرنیکا ٹاسک

دفاتر میں ای فائلنگ سسٹم نافذ کرنیکا ٹاسک

ملتان (وقائع نگار خصوصی)حکومت پنجاب نے ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے صوبے کے تمام سرکاری دفاتر کو ای فائلنگ سسٹم پر سو فیصد عملدرآمد کا حکم دے دیاہے اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹس کے ذیلی دفاتر میں ای فائلنگ سسٹم نافذ کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے ۔

اس سلسلے میں ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈینیشن جنوبی پنجاب علی عاطف بٹر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے محکموں کے تمام فوکل پرسنز نے شرکت کی۔انچارج ای فائلنگ سسٹم جنوبی پنجاب و سینئر پروگرام منیجر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ عبدالرئوف اور ایس اینڈ جی اے ڈی سائوتھ پنجاب کے فوکل پرسن و ایس او انجینئر ارم عباس بھی اجلاس میں موجود تھے ۔ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈینیشن علی عاطف بٹر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹس اپنے ذیلی دفاتر میں ای فائلنگ سسٹم کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے سسٹم کے نفاذ کے لئے 31 جون کی ڈیڈ لائن دی ہے ۔حکومت کو تمام محکموں بارے سسٹم جنریٹڈ کمپلینس رپورٹ بھیجی جائے گی اور ای فائلنگ سسٹم نہ اپنانے والے محکموں کے ذمہ دار افسروں کو جوابدہ بنایا جائے گا۔ علی عاطف بٹر نے بتایاکہ ای فائلنگ سسٹم کے نفاذ سے فائلوں کا فرسودہ نظام ختم ہوگا اور وقت کی بچت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ای فائلنگ سسٹم اپنانے والے صوبے کا پہلا ادارہ ہے ۔ سینئر پروگرام منیجر پنجاب انفامیشن ٹیکنالوجی بورڈ عبدالرئوف نے ای فائلنگ سسٹم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں