ہسپتالوں،طبی مراکز پر سہولیات بہتر بنانے کا ٹاسک،ہیلتھ افسروں کو اہداف تفویض
ملتان (لیڈی رپورٹر)سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی پنجاب و جنوبی پنجاب نادیہ ثاقب کی خصوصی ہدایات پر سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین کا ضلع لیہ کے مختلف ہسپتالوں اور ہیلتھ سنٹرز کا دورہ۔۔
سپیشل سیکرٹری محمد شہباز حسین نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تھل و کوٹ سلطان اور ہیلتھ سنٹرز چک نمبر 151اور 157ٹی ڈی اے میں سروس ڈیلیوری کو چیک کیا۔ دورہ کے دوران سپیشل سیکرٹری محمد شہباز حسین نے سٹاف کی حاضری، ادویات کی دستیابی، بائیو میڈیکل مشینری اور دیگر امور کو چیک کیا۔ سپیشل سیکرٹری نے ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال اور پارکنگ سٹینڈز پر وصول کردہ فیس ،ہسپتالوں میں بائیو میڈیکل مشینری کے فعال ہونے اور آکسیجن سپلائی کی دستیابی، ہسپتالوں کی کینٹینز پر صفائی کی صورتحال اور اشیائے خوردونوش کے معیارکو چیک کیا۔انہوں نے مختلف مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے فراہم کردہ طبی و دیگر سہولیات بارے استفساراور مریضوں اور ان کے لواحقین سے ڈاکٹروں اور سٹاف کی دستیابی اور رویہ بارے بھی دریافت کیا۔سپیشل سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین نے اس موقع پر کہاکہ سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی پنجاب نادیہ ثاقب کی خصوصی ہدایات پر دوردراز علاقوں میں بھی ہسپتالوں اور مراکز صحت پر سروس ڈیلیوری کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے ہیلتھ کلینکس اور کلینکس آن ویلز سے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو ان کی دہلیز پر بروقت طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملی ہے ۔سپیشل سیکرٹری نے ہیلتھ افسروں کو ہسپتالوں ،طبی مراکز میں سہولیات بہتر بنانے کا ٹاسک سونپ دیا۔ انہوں نے سہولیات میں فوری بہتری کے احکامات جاری کئے ۔