بوریوالا میں سسرالیوں کا بہو پر بہیمانہ تشدد‘بال کاٹ د ئیے
ناک کاٹنے کی کوشش اہلِ علاقہ کی مداخلت سے ناکام، ایک ملزم گرفتار
بوریوالا (نمائندہ دنیا، سٹی رپورٹر) نواحی گاؤں 317ای بی میں گھریلو جھگڑے پر سسرالیو ں نے بہو پر بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے خاتون کے سر کے بال کاٹ کر گنجا کر دیا۔ اہلِ علاقہ کی بروقت مداخلت سے ناک کاٹنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔ شمیم اختر نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ اس کی بیٹی رسول بی بی کی شادی تین سال قبل نوید چاولیانہ سے ہوئی تھی۔ کچھ عرصہ قبل ساس رخسانہ بی بی نے بیٹی کو اطلاع دیے بغیر نوید سے طلاق دلوا کر اس کی شادی اپنے دیور مزمل چاولیانہ سے کر دی، تاہم بعدازاں اسے بھی گھر سے نکال دیا گیا۔شمیم اختر کے مطابق جب رسول بی بی نے والدین سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تو ساس، سابق شوہر نوید اور رشتہ دار عابد نے مل کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور بال کاٹ دیے ، جبکہ ناک کاٹنے کی کوشش اہلِ علاقہ نے ناکام بنادی۔پولیس تھانہ ساہوکا نے متاثرہ خاتون کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزم عابد چاولیانہ کو گرفتار کر لیا، جبکہ دیگر نامزد ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔