ایس ایچ او پررشوت لینے ، شہری کو دھکے دینے کا الزام
انصاف کیلئے ڈی پی او کو درخواست دینے پر انتقامی کارروائی کی جارہی ،متاثرہ
وجھیانوالہ(نامہ نگار)تھانہ چھب کلاں کے ایس ایچ او وسیم ریاض کے خلاف انصاف کے لئے ڈی پی او خانیوال کو درخواست دینا شہری کو مہنگا پڑ گئی۔ ذرائع کے مطابق درخواست گزار کو مبینہ طور پر ایس ایچ او تھانہ چھب کلاں نے تھانے سے دھکے دے کر باہر نکال دیا ۔درخواست گزار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ایس ایچ او تھانہ چھب کلاں وسیم ریاض نے میرے کزن اور اس کے دوست کو خانیوال سٹی سے پکڑ کر تھانے میں ناجائز اور ناحق بند کیا جس کی بابت ہم سے زبردستی پانچ لاکھ روپے رشوت بھی وصول کی اور اس کے باوجود 9 سی کا جھوٹا مقدمہ درج کر دیا۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ میں نے اس واقعے کے خلاف انصاف کے حصول کے لیے ڈی پی او خانیوال کو درخواست دع تو ایس ایچ او وسیم ریاض نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مجھے تھانہ چھب کلاں سے بے عزت کر کے دھکے دے کر باہر نکال دیا اور دھمکی دی کہ اگر دوبارہ تھانے آیا تو پھر 9 سی کے بڑے مقدمے میں حوالات میں بند کر کے جیل بھیج دوں گا ۔دوسری جانب ایس ایچ او تھانہ چھب کلاں نے مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار تھانے میں آ کر غیر ضروری سوال کرتا تھا جس پر اسے تھانے آنے سے روکا گیا۔