کچن آئٹمز کی قیمتوں میں اضافہ ، صارفین مشکل سے دوچار
ریٹ لسٹوں پر عملدرآمد نہیں ہو رہا،مجسٹریٹس کو فعال کرنیکا مطالبہ
میلسی (نامہ نگار) کچن آئٹمز کی مسلسل مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کے لیے گھریلو بجٹ کو سنبھالنا دشوار بنا دیا ہے ۔ گوشت، پھل اور سبزیوں کے روزانہ نرخ ڈپٹی کمشنر آفس اور مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کیے جاتے ہیں تاہم مارکیٹ میں ان ریٹ لسٹوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث صارفین من مانی قیمتوں کے رحم و کرم پر ہیں۔ شہریوں کے مطابق انتظامیہ قابلِ قبول نرخ تو جاری کرتی ہے مگر اصل مسئلہ ان پر عمل نہ ہونا ہے ، ہر دکاندار اپنی مرضی سے ریٹ مقرر کر لیتا ہے جس سے ناجائز منافع خوری معمول بن چکی ہے ۔مہنگائی کے باعث شہریوں کی آمدنی کا زیادہ حصہ گھی، چینی، چاول، دال، سبزی اور فروٹ کی خرید پر خرچ ہو رہا ہے جس سے گھریلو ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے اور معاشرتی سطح پر بے چینی اور اضطراب بڑھ رہا ہے ۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فعال کر کے مصنوعی مہنگائی پر فوری قابو پایا جائے ۔