سروے ٹیموں کی غفلت،سیلاب متاثرین کیلئے امداد ناکافی
لوگوں کے نقصان کو کم دکھایا گیا، متاثرین، دوبارہ دیانتدارانہ جائزہ لینے کا مطالبہ
جودھ پور (نمائندہ دنیا) کبیروالا کے نواحی علاقوں میں حالیہ سیلاب نے تباہی پھیلا دی ہے ۔ سیلاب سے مکانات، فصیلیں اور باغات شدید متاثر ہوئے ، جانور بھی ہلاک یا زخمی ہوئے اور لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ۔سرکار کی طرف سے ابتدائی طور پر سرکاری ملازمین نے نقصانات کا جائزہ لیا لیکن متاثرین کے مطابق سروے میں لوگوں کے نقصان کو کم دکھایا گیا۔ مہر خضر حیات، طاہر خان اور دیگر متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ دوبارہ سروے کروایا جائے تاکہ حقیقی نقصان کے مطابق امداد فراہم کی جائے ۔ذرائع کے مطابق ابتدائی سروے ٹیموں نے غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے امداد کم ملی۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ کئی ایسے لوگ ہیں جن کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا، لیکن انہیں سرکار کی طرف سے ملنے والی امداد بالکل نہ ہونے کے برابر ہے ۔عوامی حلقوں نے بھی زور دیا ہے کہ دوبارہ جائزہ لینے کے لیے دیانتدار اور ذمہ دار ملازمین کی ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ حقیقی نقصان کے مطابق فوری امداد دی جا سکے ۔ سیلاب زدہ علاقے میں لوگوں کی مشکلات بڑھ رہی ہیں اور وقت پر امداد نہ ملنے کی وجہ سے حالات مزید تشویشناک ہو گئے ہیں۔