ڈی آر سی کے نئے قانون کے تحت قبضہ مافیا کیخلاف اقدمات شروع
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ڈسٹرکٹ ریزولیوشن کمیٹی (ڈی آر سی) نے پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف ایمووایبل پراپرٹیز آرڈیننس 2025 کے مطابق شہریوں کی املاک کو قبضہ مافیا سے محفوظ بنانے۔۔۔
ناجائز قابضین سے واگزاری اور تنازعات کے فوری حل کے لیے عملی کام شروع کر دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق نذیراں بی بی نے پولیس اور انتظامیہ کو درخواست دی تھی کہ والدین کے انتقال کے بعد وراثتی زمین میں اس کا حصہ گیارہ کنال، آٹھ مرلے بنتا ہے جس میں سے چھ کنال اسے مل چکے ہیں جبکہ باقی پانچ کنال آٹھ مرلے تاحال اس کے قبضے میں نہیں۔ معاملہ ڈی آر سی اجلاس میں پیش ہوا تو ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر پولیس کی ٹیم تشکیل دی۔ موقع کا دورہ ، ریونیو ریکارڈ کی جانچ اور سماعت کے دوران معلوم ہوا کہ نذیراں بی بی کے بھائی عبدالمجید اور دوسرے فریق کے درمیان پرانا تنازع چل رہا ہے اور مذکورہ رقبہ بشیر حسین کے قبضے میں ہے جبکہ مخالف فریق دس سال سے سٹے آرڈرز اور اپیلوں کے ذریعے معاملہ التواء میں رکھے ہوئے تھے ۔ڈی آر سی ٹیم نے موقع پر ہی فریقین کو سماعت کے بعد معاملہ حل کر دیا اور پابند کیا کہ آئندہ نہ عدالتی سٹے لیں گے نہ غیر ضروری اپیلوں میں وقت ضائع کریں گے ۔ باہمی رضا مندی سے ونڈا جات مکمل کیے گئے اور نذیراں بی بی کو اس کا بقایا پانچ کنال آٹھ مرلے کا قبضہ دے دیا گیا۔