صفائی کا نظام بہتر،اضافی ٹیمیں تعینات،کنٹینر اور ڈرم رکھنے کا حکم

صفائی کا نظام بہتر،اضافی ٹیمیں تعینات،کنٹینر اور ڈرم رکھنے کا حکم

شہری علاقوں میں ماحول کو صاف ستھرارکھنے کیلئے کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی یقینی بنائی جائے ،ڈپٹی کمشنر ، مختلف علاقوں کا دورہ،گلی محلوں میں پیدل چل کر انتظامات اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ

ملتان (وقائع نگار خصوصی،خصوصی رپورٹر )ضلع بھر میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کڑی نگرانی جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور ’’ستھرا پنجاب‘‘ مہم کے تحت صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے گلی محلوں میں پیدل چل کر کوڑا کرکٹ کی صفائی، صفائی عملے کی کارکردگی اور نظام کی مجموعی صورتحال کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈویڑنل ہیڈ آپریشن انوار الحق نے صفائی آپریشن، عملے کی کارکردگی اور موجودہ چیلنجز کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے صفائی عملے سے ملاقات کی اور ڈیوٹی کے معیار، ذمہ داری اور کارکردگی کے بارے میں استفسار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے اور شہری علاقوں میں کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی کے لیے اضافی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے رہائشی علاقوں اور کمرشل مقامات پر اضافی کنٹینرز اور ڈرم رکھنے کی ہدایات بھی جاری کیں اور کہا کہ ستھرا پنجاب مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں