سموگ کیخلاف ہنگامی اقدامات کا حکم
صنعتی یونٹس،بھٹوں کی کڑی مانیٹرنگ ،زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر بھٹوں کو بند کرنے کی ہدایت،ایس او پیز پر عملددرآمد تیز کیا جائیگااشیا ء خوردنوش کے نرخنامے پر عمل کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک،سپلائی کی صورتحال،نرخ ناموں کے درست نفاذ کو یقینی بنایا جائے ،ڈپٹی کمشنر وسیم سندھو
ملتان ( وقائع نگار خصوصی)ضلعی انتظامیہ نے سموگ کے تدارک کے لئے ہنگامی بنیادوں پر جامع اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سموگ کی موجودہ صورتحال، ایئر کوالٹی انڈیکس، غیر معیاری صنعتی اخراج اور کھلے ماحول میں جلنے والے فصلوں کی باقیات کے اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سموگ ایک سنگین ماحولیاتی چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انڈسٹریز اور بھٹوں کی کڑی مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور ماحولیات کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی یونٹس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی صورت دھوئیں کے اخراج یا بغیر زگ زیگ ٹیکنالوجی کے چلنے والے بھٹے برداشت نہیں کئے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ کوڑا کرکٹ اور فصلوں کی باقیات جلانے پر مکمل پابندی ہے ، خلاف ورزی کی صورت میں فوری جرمانے اور مقدمات درج کئے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے سبزی منڈی کا اچانک دورہ کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اشیائخوردونوش کی قیمتوں، معیار اور دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف آڑھتوں کا معائنہ کیا اور عوامی ریلیف کے تناظر میں قیمتوں کے فرق، سپلائی کی صورتحال اور نرخ ناموں کے درست نفاذ کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ وسیم حامد سندھو نے جنرل بس سٹینڈ کا اچانک دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے کرایہ نامے چیک کیے ۔ اس موقع پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے ) محسن نثار بھی ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹکٹ کاؤنٹرز، ویگن اسٹینڈ اور بس ٹرمینل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور کرایوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔