جلال پور میں ٹریفک کمپلیکس کا افتتاح، سروسز کا آغاز

جلال پور میں ٹریفک کمپلیکس کا افتتاح، سروسز کا آغاز

سی پی او ملتان نے نئے کمپلیکس میں لائسنس و ٹیسٹ سروسز فعال کر دیں

جلال پور پیرووالہ (نامہ نگار)جلال پور میں ٹریفک کمپلیکس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے ممبر صوبائی اسمبلی ملک لعل محمد جوئیہ، سی ٹی او ملتان کاشف اسلم اور اسسٹنٹ کمشنر مکرم سلطان کے ہمراہ ربن کاٹ کر نئے ٹریفک کمپلکس کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد شہریوں کے لئے تمام ٹریفک سروسز ایک ہی چھت تلے فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔سی پی او صادق علی ڈوگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کمپلکس میں لرنر پرمٹ، ڈرائیونگ ٹیسٹ، لائسنس اور ٹریفک سے متعلق تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو مختلف دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم ٹریفک نظام کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو ضروری ہے کہ شہریوں کو سہولتیں بھی دیں، تاکہ وہ آسانی سے قوانین کے مطابق عمل کر سکیں۔انہوں نے بتایا کہ ملتان میں غیر تربیت یافتہ ڈرائیورز کے روڈ پر آنے سے حادثات میں اب تک 108 اموات ہو چکی ہیں، جو انتہائی تشویشناک ہے ۔ تربیت یافتہ ڈرائیورز اور قوانین پر عمل درآمد کے ذریعے حادثات اور بھاری جرمانوں سے بچا جا سکتا ہے ۔سی پی او نے کہا کہ ٹریفک آرڈیننس 2025 پر شہری ہر صورت عمل کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کرنے کا مقصد شہریوں میں قانون کی پابندی کو یقینی بنانا ہے ، کسی سے بھی نرمی یا رعایت نہیں برتی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں