بے اختیار بلدیاتی ایکٹ جمہوریت کا قتل، خواجہ سلیمان
عوامی اختیارات بیوروکریسی کے حوالے کرنا شرمناک فعل،شیخ جاوید
ملتان (لیڈی رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی، جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر، ملتان کے صدر خالد محمود قریشی، حاجی ندیم قریشی اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ جمہوریت کی علمبردار حکومت کی طرف سے نافذ بے اختیار بلدیاتی ایکٹ جمہوریت کے قتل کے مترادف ہے ۔ رہنماؤں نے کہا کہ عوامی اختیارات کو بیوروکریسی کے حوالے کرنا شرمناک فعل ہے اور اس کے نتیجے میں عام شہری کے حقوق پر ڈاکہ پڑ رہا ہے ۔
انہوں نے واضح کیا کہ مرکزی تنظیم تاجران اس بلدیاتی ایکٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوامی امنگوں کے مطابق بااختیار بلدیاتی نظام فعال کیا جائے تاکہ حقیقی معنوں میں عوام کے مسائل حل ہو سکیں۔رہنماؤں نے مزید کہا کہ پہلے ہی عرصہ دراز سے بااختیار بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے عوام اور چھوٹے تاجر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ لیکن حکومت من مرضی کے فیصلے کر رہی ہے جو کسی صورت قبول نہیں۔ تاجران پاکستان نے خبردار کیا کہ ایسے کسی بلدیاتی ایکٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا جو عوام کے حقوق کو محدود کرے اور بادشاہی نظام نافذ کرے ، جس کی وجہ سے شہری اور چھوٹے تاجر مزید مسائل کا شکار ہوں۔