زکریا یونیورسٹی میں گیٹس بند کرنے پر طلبا احتجاج

زکریا یونیورسٹی میں گیٹس بند کرنے پر طلبا احتجاج

مرکزی گیٹ سیل، مظاہرین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا

ملتان (خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی کے عقبی گیٹ بند کرنے اور رکشہ سروس پر پابندی کے خلاف طلبا نے احتجاج کیا، جس کے دوران یونیورسٹی کے مرکزی داخلی راستے بند ہو گئے اور ٹریفک مکمل طور پر جام ہو گیا۔ طلبا کا احتجاج صبح کے اوقات میں شروع ہوا جب بڑی تعداد میں نوجوان جمع ہوئے اور جامعات کے دروازے بند رکھنے اور رکشہ سروس ختم کرنے کے خلاف نعرے بازی کی۔احتجاجی طلبا نے کہا کہ یہ اقدامات ان کی روزمرہ آمد و رفت اور مالی حیثیت پر منفی اثر ڈال رہے ہیں، خصوصاً وہ طلبا جو دور دراز علاقوں سے آتے ہیں اور رکشہ ان کے لئے بنیادی سہولت ہے۔

طلبا نے مطالبہ کیا کہ گیٹس فوری طور پر کھولے جائیں اور رکشہ سروس پر عائد پابندی واپس لی جائے، نیز ہاسٹلز میں رات کی پابندی ختم کی جائے ۔بعدازاں آر او ڈاکٹر مقرب اکبر موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ، گیٹ آپریشن اور سکیورٹی پاس کے نفاذ کے ذریعے مسائل حل کئے جائیں گے ، رکشہ سروس کی اجازت نہیں دی جائے گی، یونیورسٹی میں شٹل سروس چل رہی ہے اور اسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔ ہاسٹلز میں رات گیارہ بجے کی پابندی برقرار رہے گی، اور عقبی گیٹس پنجاب حکومت کی ہدایت پر بند کئے گئے ہیں۔ مشروط طور پر سٹوڈنٹس کارڈ بننے کے بعد آمد و رفت بحال کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق، یونیورسٹی انتظامیہ نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ وائس چانسلر نے گیٹس بند کرنے پر سخت نوٹس لیا اور آج ڈسپلن کمیٹی کو رپورٹ جمع کرائی جائے گی، جس کے بعد طلبا کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں