وہاڑی :ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی چوتھے روز بھی ہڑتال
مال بردار اور پبلک ٹرانسپورٹ بند، شہری اور مسافر شدید مشکلات میں گرفتار
وہاڑی (نمائندہ خصوصی )حکومت کی جانب سے بھاری جرمانوں، سخت سزاؤں اور ٹریفک آرڈیننس 2025کے خلاف آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ کی کال پر ضلع وہاڑی میں چوتھے روز بھی مکمل ہڑتال جاری ہے ۔ جنوبی پنجاب گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری اور ضلعی صدر چوہدری وحید آرائیں کی قیادت میں ہڑتال کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیاں اور انٹرسٹی سروس مکمل طور پر بند ہیں، جس سے شہری، مسافر، مریض اور طلبہ شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ اشیائے ضروریہ کی ترسیل رکنے سے بازاروں میں رسد کم اور کاروباری سرگرمیاں سست ہو گئی ہیں۔ صدر گڈز ٹرانسپورٹ عبدالوحید اور جنرل سیکرٹری ملک عبدالغفار نے کہا کہ بلاجواز جرمانے ، چالان اور ڈرائیورز کی حراست ناقابل قبول ہے ۔ چودھری وحید آرائیں نے واضح کیا کہ ٹریفک آرڈیننس 2025کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔