مستحق خاندانوں میں آٹو رکشے ‘سلائی مشینیں‘ویل چیئرز تقسیم
امدادی اشیاء کو مؤثر طریقے سے استعمال کریں ، محمداقبال کی مستحقین کو ہدایت
وہاڑی (نمائندہ خصوصی )فلاحی سرگرمیوں میں سرگرم غیر سرکاری تنظیم فدا نے پینی اپیل پاکستان کے تعاون سے ضلع وہاڑی کے مستحق خاندانوں کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں 10 آٹو رکشے ، 36 سلائی مشینیں، 24 ویل چئیرز اور 10 سائیکل ویل چئیرز تقسیم کیے گئے ۔ تقریب میں میاں نیرب خورشید، میاں اویس خورشید، عبدالشکور، چوہدری سردار محمد اور دیگر شریک ہوئے ۔ مقررین نے فدا اور پینی اپیل کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ مستحق افراد کے لیے امید کی کرن ہے ۔ فدا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد اقبال نے مستحقین کو ہدایت دی کہ امدادی اشیاء کو مؤثر طریقے سے استعمال کریں اور مارکیٹ سے منسلک ہوں۔ انہوں نے دیگر سرگرمیوں جیسے گروسری اسٹورز، پولٹری فارمز، آئی کیمپ، بیواؤں کے لیے گھروں کی تعمیر اور ہینڈ پمپس کی تنصیب کا بھی ذکر کیا۔