اداروں میں عوامی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

اداروں میں عوامی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

ڈی سی کا اراضی سنٹر،چلڈرن ہسپتال،ہائی سکول کا دورہ، انتظامات کا جائزہ

ملتان (وقائع نگار خصوصی، لیڈی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے تحصیل شجاع آباد اور شہر کے مختلف سرکاری اداروں کا تفصیلی دورہ کیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات، انتظامی امور اور سروس ڈیلیوری کا جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی اور مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانا تھا۔ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر شجاع آباد کا دورہ کرتے ہوئے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ریکارڈ کی دستیابی اور عملے کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سائلین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور شفافیت یقینی بنائی جائے ۔ٹی ایچ کیو ہسپتال شجاع آباد اور چلڈرن ہسپتال ملتان کے دورے کے دوران انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور انتظامات کا جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ علاج معالجہ کے معیار کو بہتر بنایا جائے اور مریضوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے ۔گورنمنٹ ہائی سکول شجاع آباد کا دورہ کرتے ہوئے تعلیمی ماحول، طلبہ و اساتذہ کی حاضری اور دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا اوراساتذہ کو ہدایت دی کہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم اور نظم و ضبط برقرار رکھا جائے ۔ تین روزہ قومی پولیو مہم کل سے شروع ہو رہی ہے ،10 لاکھ 20 ہزار سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں