ڈپٹی کمشنر کی افسروں کو پودوں کی باقاعدہ نگرانی کی ہدایت
تحصیل ہسپتال ‘اراضی ریکارڈ سنٹر کا دورہ‘چرچ اور کرسمس انتظامات کا جائزہ
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نامہ نگار )- ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بیرسٹر بلال سلیم نے اسسٹنٹ کمشنر جام محمد اسلم کے ہمراہ تحصیل چوک سرور شہید کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گرین بیلٹ منصوبے کے تحت پودا لگا کر منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شجرکاری ماحولیاتی بہتری، فضائی آلودگی کے خاتمے اور شہری خوبصورتی میں اضافہ کا مؤثر ذریعہ ہے اور افسران کو لگائے گئے پودوں کی باقاعدہ نگرانی کی ہدایت دی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہسپتال کا دورہ کیا اور طبی سہولیات، مریضوں کے علاج معالجے ، صفائی اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا، ساتھ ہی مریضوں سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت دی۔ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر کا بھی دورہ کیا اور سائلین سے بات چیت کے بعد افسران کو ریکارڈ کی بروقت فراہمی اور شفافیت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ 5 مرلہ سکیم میں چرچ اور کرسمس انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام انتظامات مکمل اور منظم کیے جائیں تاکہ شہری اور زائرین کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنایا جا سکے ۔