اہلسنت قائدین کا سربراہ سنی تحریک کے گھر چھاپے پر احتجاج

اہلسنت قائدین کا سربراہ سنی تحریک کے گھر چھاپے پر احتجاج

خواتین خانہ پر تشدد ، بغیر لیڈیز پولیس کارروائی جیسے سنگین اقدامات پراظہارتشویش آئینی،قانونی ومذہبی حقوق غصب کرنیکی اجازت نہیں دینگے ،مشترکہ پریس کانفرنس

ملتان (کرائم رپورٹر )اہل سنت تنظیمات کے قائدین کا کراچی میں سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کے گھر پر ہونے والے بلاجواز چھاپے ، چادر اور چار دیواری کی حرمت پامال کرنے ، خواتین خانہ پر تشدد اور بغیر لیڈیز پولیس کارروائی جیسے سنگین و قابل مذمت اقدامات پر شدید احتجاج اورگہری تشویش کا اظہار ۔صوبائی ناظم اعلیٰ جماعت اہل سنت پاکستان علامہ حافظ محمد فاروق خان سعیدی، صوبائی صدر جمعیت علمائپاکستان مولانا محمد ایوب مغل نورانی، صوبائی ناظم اعلیٰ پاکستان سنی تحریک مرزا محمد ارشد القادری، جمعیت علمائپاکستان مجلس شہریان کے رہنما حافظ محمد ظفر قریشی حامدی ودیگرنے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری ایک قومی سطح کے رہنما ہیں ،ان کے گھر پر بغیر قانونی جواز کارروائی نہ صرف آئین پاکستان کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ شریعت مطہرہ کے مسلمہ اصولوں کے بھی منافی ہے ،اسلامی معاشرے میں چادر اور چار دیواری کی حرمت ناقابل تردید حقیقت ہے جسے پامال کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ،ہم واضح کرتے ہیں کہ بقول سنی تحریک کی قیادت، برآمد ہونے والے اسلحے میں تین سرکاری ایس ایم جی رائفلز سربراہ سنی تحریک کے سرکاری پولیس گارڈز کی تھیں جبکہ دیگر اسلحہ لائسنس اور پرمٹ کے ساتھ قانونی حیثیت رکھتا ہے ۔

بالفرض کسی فرد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا تو اس کی گرفتاری اس کی رہائش سے قانون کے مطابق عمل میں لائی جا سکتی تھی، پورے گھر کو نشانہ بنانا، خواتین پر تشدد اور خوف و ہراس پھیلانا صریح مس ہینڈلنگ ہے جس کی فوری، شفاف کارروائی ناگزیر ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیں، ذمہ دار اہلکاروں اور افسروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ کسی بھی شہری، بالخصوص مذہبی قیادت کے خلاف ایسے غیر آئینی اقدامات نہ دہرائے جائیں۔ ہم پرامن تھے ، پرامن ہیں اور پرامن رہیں گے مگر اپنے آئینی، قانونی اور مذہبی حقوق کے غصب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ ریاستی ادارے بلاجواز کارروائیوں کا دروازہ بند اور نفرت و تفرقہ پھیلانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں