سوشو اکنامک سروے کرنیوالے اساتذہ کے معاوضے میں اضافہ

سوشو اکنامک سروے کرنیوالے اساتذہ کے معاوضے میں اضافہ

چھٹی کے دن کام کرنیوالوں کو4 ہزار روپے ادا کریں ،پنجاب اربن یونٹ

ملتان (خصوصی رپورٹر)سوشو اکنامک سروے میں حصہ لینے والے ہزاروں اساتذہ کے لیے معاوضے میں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ پنجاب اربن یونٹ کی ہدایت کے مطابق پبلک ہالیڈے اور اتوار کی چھٹی کے دن سروے کرنے والے اساتذہ کو 4 ہزار روپے فی کس ادا کیے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اساتذہ کی جانب سے معاوضوں کی عدم ادائیگی پر موصول ہونے والی شکایات کے بعد کیا گیا۔ پنجاب اربن یونٹ نے تمام متعلقہ اتھارٹیز کو مراسلہ بھیج کر ادائیگی کے عمل کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ اساتذہ کو حق اور معاوضہ بغیر تاخیر مل سکے ۔اساتذہ کی تنظیموں نے حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اضافی ذمہ داریاں نبھانے والے اساتذہ کو معاوضہ دینا ان کا جائز حق ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے اساتذہ کے مسائل حل ہوں گے اور سروے کے عمل میں بہتری آئے گی، جس سے اساتذہ اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے انجام دے سکیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں