ستھرا پنجاب کے تحت عوامی ریلیف کیلئے ڈبل شفٹ کا آغاز
سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا مختلف علاقوں کا دورہ ، صفائی ستھرائی کا جائزہ
ملتان (خصوصی رپورٹر)ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت عوامی ریلیف کے لیے ڈبل شفٹ کا آغاز کر دیا گیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عابد حسین بھٹی نے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے اہم چوکوں، بازاروں اور گنجان آباد علاقوں میں جاری صفائی آپریشن کا معائنہ کیا اور فیلڈ میں موجود عملے کو ہدایات جاری کیں۔معائنہ کے موقع پر منیجر آپریشنز انوار الحق نے سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو صفائی آپریشن، دستیاب وسائل اور جاری سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی۔ سی ای او نے صفائی کے معیار پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے ۔عابد حسین بھٹی نے مختلف قبرستانوں کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی، ملبہ جات کے بروقت اخراج اور مجموعی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قبرستانوں میں خصوصی صفائی آپریشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بتایا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت عوامی ریلیف کے لیے ڈبل شفٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ صفائی کے عمل کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں اور گنجان آباد علاقوں میں نئے ڈسٹ بن اور کنٹینرز رکھے جا رہے ہیں تاکہ کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی ممکن ہو سکے ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ صفائی سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت کے اندراج کے لیے ہیلپ لائن پر رابطہ کریں، فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔