جعلی سگریٹس سنگین خطرہ،کریک ڈائون کا حکم

جعلی سگریٹس سنگین خطرہ،کریک ڈائون کا حکم

غیر قانونی ،بغیر ٹیکس سگریٹس کی نشاندہی کیلئے کنزیومر ایپ کو مؤثر طریقے سے استعمال ،تمباکو نوشی کیخلاف آگاہی مہم چلائی ،ایکسائز اور ایف بی آر سے مکمل تعاون کیا جائیگاڈپٹی کمشنرز اجلاسوں کے ایجنڈے میں کارروائیوں کو شامل کریں گے ، کمشنر عامر کریم کا اجلاس، اب تک 73ہزار 732جعلی سگریٹس کے پیکٹس ضبط کیے جا چکے، بریفنگ

ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت غیر قانونی اور جعلی سگریٹس کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری اقدامات، نتائج اور آئندہ کی حکمتِ عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ جعلی سگریٹس کی فروخت ایک منظم نیٹ ورک کے تحت کی جا رہی ہے ، جس کے مکمل خاتمے کے لیے کریک ڈاؤن کو ریگولر اور مستقل فیچر بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی سگریٹس نہ صرف قومی خزانے کو شدید نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ عوامی صحت کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں، اس لیے اس معاملے میں کسی قسم کی نرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔

کمشنر نے ہدایت کی کہ کنزیومر ایپ کو مؤثر طریقے سے استعمال میں لایا جائے تاکہ جعلی اور بغیر ٹیکس سگریٹس کی فوری نشاندہی ممکن ہو سکے ۔ انہوں نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ چیکنگ کے دوران کنزیومر ایپ کے ذریعے سگریٹس کی قانونی حیثیت لازمی جانچنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ تمباکو نوشی کے خلاف آگاہی اور جعلی سگریٹس کے خاتمے کے لیے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ساتھ مل کر بھرپور مہم چلائی جائے گی، جبکہ ضلعی انتظامیہ اس ضمن میں ایکسائز اور ایف بی آر کو مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔ کمشنر نے کہا کہ جعلی سگریٹس کے خلاف اقدامات کو لاء اینڈ آرڈر میکانزم کا مستقل حصہ بنایا جا رہا ہے اور تمام ڈپٹی کمشنرز ہفتہ وار اجلاسوں کے ایجنڈے میں اس حوالے سے کارروائیوں کو شامل کریں گے ۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پورے ملتان ڈویژن میں اب تک 73 ہزار 732 جعلی اور غیر قانونی سگریٹس کے پیکٹس ضبط کیے جا چکے ہیں۔ یہ کارروائیاں ایکسائز اور ایف بی آر کے باہمی اشتراک اور پنجاب حکومت کی معاونت سے عمل میں لائی گئیں اجلاس میں ڈائریکٹر ایکسائز افتخار احمد، اسسٹنٹ کمشنر ایف بی آر ولید بن سعد، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور کریک ڈاؤن کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں