شہروں کی خوبصورتی کے منصوبے تیز کرنے کی ہدایت
کمشنر اشفاق احمد کی زیر صدارت اجلاس، منصوبے بروقت مکمل کرنے پر زور
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چودھری کی زیر صدارت شہروں کی خوبصورتی، صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول قائم کرنے سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہری حسن میں اضافے ، عوامی مقامات کو بہتر اور دیدہ زیب بنانے اور جاری بیوٹیفیکیشن منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بیرسٹر بلال سلیم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور کوٹ ادو میں جاری بیوٹیفیکیشن منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں صفائی ستھرائی، سڑکوں کی بہتری، پارکس کی بحالی اور گرین بیلٹس کے قیام پر کام جاری ہے ، جس کا مقصد شہریوں کو بہتر اور صاف ماحول فراہم کرنا ہے ۔اس موقع پر کمشنر اشفاق احمد چودھری نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہر کی خوبصورتی سے متعلق تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی، شجرکاری، گرین بیلٹس، پارکس اور سڑکوں کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہریوں کو صاف، سرسبز اور دلکش ماحول میسر آ سکے ۔