تفتیش میں میرٹ، شفافیت یقینی بنائی جائے :تصور اقبال
زیرِ التوا مقدمات کو فوری یکسو ،ملزموں کو گرفتار کیا جائے :ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر
وہاڑی (خبرنگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تصور اقبال کی زیر صدارت ایس ایس آئی او یو کے تفتیشی افسران کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں انچارج ایس ایس آئی او یو انسپکٹر نسرین اختر، ضلع بھر کے تفتیشی افسران اور محرران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران افسران کی مجموعی کارکردگی اور فرداً فرداً جائزہ لیا گیا۔ ڈی پی او نے زیرِ تفتیش مقدمات، چالان کی بروقت تکمیل اور مقدمات کے قانونی پہلوؤں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات جاری کیں۔
تصور اقبال نے کہا کہ تمام مقدمات کی تفتیش میں میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی یقینی بنائی جائے ۔ زیرِ التواء مقدمات کو فوری یکسو کرنے اور عدم گرفتار ملزمان کی فوری گرفتاری کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے خواتین اور بچوں سے متعلق جرائم میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔