سردی کے باعث لکڑی، کوئلے کی مانگ میں اضافہ

 سردی کے باعث لکڑی، کوئلے کی مانگ میں اضافہ

قیمتیں بڑھنے کے باوجودشہری لکڑیاں استعمال کر کے کھانا پکانے پر مجبور

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نامہ نگار ) میں سردی کی شدت برقرار رہنے سے لکڑی اور کوئلے کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ یخ بستہ موسم میں کوئلہ اور لکڑی کی طلب بڑھنے سے دکانداروں نے قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ ایل پی جی مہنگا ہونے کی وجہ سے شہری اب لکڑیاں جلا کر کھانا پکانے پر مجبور ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق ٹال مالکان کوئلہ 150 روپے فی کلو اور خشک لکڑی 50-60 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سردیوں میں کوئلے کا استعمال بڑھ جاتا ہے تاکہ سردی کو دور کیا جا سکے اور کھانا پکایا جا سکے ، تاہم اب خریداری بھی آسان نہیں رہی۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئلے اور لکڑی کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں تاکہ عام شہری محفوظ اور مناسب قیمت پر کوئلہ اور لکڑی خرید سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں