مستحق خاندانوں میں رضائیاں، سویٹرز اور جیکٹس تقسیم

مستحق خاندانوں میں رضائیاں، سویٹرز اور جیکٹس تقسیم

سیلاب متاثرین کو ماضی کی طرح بے یار و مدد گار نہیں چھوڑا گیا:نوید حیدر

اوچ شریف (نمائندہ دنیا ) اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر نے کہا ہے کہ شدید سردی کے دوران فلاحی اقدامات کمزور طبقات کے تحفظ اور سماجی یکجہتی کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، وہ گزشتہ روز تحصیل انتظامیہ کے زیر اہتمام فلاحی تنظیم الرحمہ ہیلپنگ ہینڈز فاؤنڈیشن کے اشتراک سے اوچ شریف کے مستحق خاندانوں میں رضائیوں، زنانہ و مردانہ سویٹرز اور جیکٹس کی تقسیم کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔ اس موقع پر سینئر میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم، صدر الرحمہ ہیلپنگ ہینڈز فاؤنڈیشن محمد ذکریا، احتشام احمد، حامد احمد، محمد ہمایوں اور ممتاز سماجی شخصیت چوہدری محمد عرفان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر نے کہا کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کی سخت ہدایات کے تحت حالیہ سیلاب متاثرین کو ماضی کے سیلاب زدگان کی طرح بے یار و مدد گار نہیں چھوڑا گیا، تحصیل انتظامیہ نے پاک فوج اور فلاحی تنظیموں کے ساتھ مل کر ٹیم ورک کی بہترین حکت عملی سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشنز کو کامیاب بنایا، اس موقع پر صدر الرحمہ ہیلپنگ ہینڈز فاؤنڈیشن محمد ذکریا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اوچ شریف میں موسمِ سرما کی امداد اور انسانی ہمدردی کی مہم کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی گئی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر، سینئر میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم، صدر الرحمہ ہیلپنگ ہینڈز فاؤنڈیشن محمد ذکریا اور چوہدری محمد عرفان نے ضرورت مند طبقات میں مجموعی طور پر 150 نئے لحاف (رضائیاں)، 150 مردانہ سویٹر، 150 خواتین کے سویٹر اور بچوں کی 150 جیکٹس تقسیم کیے ۔ مقامی رہائشیوں اور کمیونٹی کے نمائندوں نے الرحمہ ہیلپنگ ہینڈز فاؤنڈیشن اور تحصیل میونسپل انتظامیہ کی کاوشوں کو بھرپور سراہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں