محکمہ سکولز کے ملازمین کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کا حکم

 محکمہ سکولز کے ملازمین کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کا حکم

سروس رولز کی خلاف ورزی پر افسروں و ملازمین کے خلاف بلا امتیاز اور زیر ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،مراسلے میں برطرفی سمیت سخت تادیبی کارروائی کا انتباہ

ملتان (خصوصی رپورٹر) محکمہ سکولز ملتان نے سرکاری ملازمین کی سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے واضح اور سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔ جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سروس رولز کی خلاف ورزی کرنے والے افسروں و ملازمین کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے سرکاری ملازمین کو ملازمت سے برخاستگی سمیت سخت تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔مراسلے کے مطابق سرکاری ملازمین کے لیے سیاست میں عملی طور پر حصہ لینا سروس رولز کی صریح خلاف ورزی ہے ، ایسے اقدامات ناقابلِ برداشت ہیں اور ان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

محکمہ سکولز نے نشاندہی کی ہے کہ بعض سرکاری ملازمین نہ صرف سیاسی سرگرمیوں میں عملی طور پر شریک ہو رہے ہیں بلکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی کھل کر اپنی سیاسی وابستگی اور حمایت کا اظہار کر رہے ہیں جو سرکاری ضابطہ اخلاق کے سراسر منافی ہے ۔محکمہ سکولز ملتان نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام سرکاری ملازمین فوری طور پر کسی بھی قسم کی سیاسی مہم، جلسوں، ریلیوں، آن لائن مہمات یا سیاسی پروپیگنڈے سے مکمل طور پر دور رہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کی نشاندہی کر کے فوری طور پر رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کی جائے تاکہ بروقت قانونی اور تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔ محکمہ سکولز کے مطابق ان ہدایات کا مقصد سرکاری اداروں کی غیر جانبداری، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ ماحول کو برقرار رکھنا ہے تاکہ تعلیمی نظام بلا رکاوٹ اور شفاف انداز میں چلتا رہے ۔دوسری جانب محکمہ تعلیم کے سنجیدہ حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں