خان گڑھ بائی پاس کی خستہ حالی نے ٹریفک بحران پیدا کر دیا
14سال سے مرمت نہ ہونے پر بھاری ٹریفک سٹی روڈ پر منتقل،شہریوں کا احتجاج
خان گڑھ (سٹی رپورٹر)خان گڑھ بائی پاس چودہ سال سے ٹوٹ پھوٹ اور خستہ حالی کا شکار ہے ، جس کے باعث اس پر ٹریفک کا گزرنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے ۔ جگہ جگہ گہرے گڑھوں اور ٹوٹی سڑک کے باعث بھاری ٹریفک نے سٹی روڈ کا رخ کر لیا ہے ، جس سے دن رات ٹریفک جام معمول بن چکا ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق بائی پاس روڈ کی تعمیر اس وقت کے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے خصوصی فنڈز سے ، سابق ایم این اے جمشید دستی کی نشاندہی پر کی گئی تھی۔ تاہم اب اس کی مرمت کے معاملے پر پروانشنل ہائی وے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال رہی ہیں۔
پروانشنل ہائی وے اسے نیشنل ہائی وے کا منصوبہ قرار دے رہی ہے ، جبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اس سے لاتعلقی کا اظہار کر رہی ہے ، جس کے باعث مرمت کیلئے فنڈز جاری نہیں ہو سکے ۔بائی پاس بند ہونے کے باعث بھاری گاڑیوں کی سٹی میں آمد سے سڑکیں بلاک رہتی ہیں، جس سے طلبہ و طالبات، مریضوں اور عام شہریوں کو آمد و رفت میں شدید دشواری پیش آ رہی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سنگین صورتحال سے ضلعی انتظامیہ مظفرگڑھ کو متعدد بار آگاہ کیا گیا، مگر تاحال کوئی عملی اقدام سامنے نہیں آ سکا۔