جہانیاں ،آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، عوام پریشان
چند روز میں پندرہ کلو آٹے کا تھیلا تین سو روپے مہنگا ہوگیا،ریلیف کا مطالبہ
جہانیاں (نمائندہ دنیا)مہنگائی نے غریب اور دہاڑی دار طبقے کی زندگی مزید مشکل بنا دی ہے ۔ شہر میں آٹے کی قیمتوں میں اچانک اور نمایاں اضافے کے باعث شہریوں کے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو گئے ہیں جبکہ دو وقت کی روٹی کا حصول بھی ایک چیلنج بنتا جا رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق چند روز قبل 15 کلو آٹے کا تھیلا 1500 روپے میں دستیاب تھا، جو اب مختلف دکانوں پر 1800 سے 1900 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔ صرف چند دن میں 300 روپے سے زائد اضافے نے عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی بجلی، گیس اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ایسے میں آٹے کی قیمت میں اضافہ غریب کیلئے ناقابل برداشت ہو چکا ہے ۔روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں اور محنت کش طبقے نے بتایا کہ محدود آمدن میں مہنگا آٹا خریدنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔
جس کے باعث گھریلو اخراجات پورے کرنا ممکن نہیں رہا۔ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو سفید پوش طبقہ شدید مالی بحران کا شکار ہو جائے گا۔دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ فلور ملز کی جانب سے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ سپلائی بھی محدود کر دی گئی ہے ، جس کا براہِ راست بوجھ صارفین پر پڑ رہا ہے ۔ شہریوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فوری طور پر فعال کیا جائے ، آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول کیا جائے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو مہنگائی کے اس طوفان میں کچھ ریلیف مل سکے ۔