7 گینگز گرفتار، 43لاکھ مالیت کی ریکوری مدعیوں کے حوالے

7 گینگز گرفتار، 43لاکھ مالیت کی ریکوری مدعیوں کے حوالے

سونا، نقدی، سولرپلیٹس، موٹرسائیکلیں ،مویشی اورناجائزہ اسلحہ برآمد کیا گیا

خان گڑھ (سٹی رپورٹر) تھانہ خان گڑھ پولیس نے ڈکیت اور چور گینگز کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے سات گینگز کے ارکان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے سونا، نقدی، سولر پلیٹس، موٹرسائیکلیں، مویشی، موٹر پمپ اور ناجائز اسلحہ برآمد کر کے مجموعی طور پر 43 لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ سامان اصل مدعیان کے حوالے کر دیا۔تفصیلات کے مطابق مظفرگڑھ کے نواحی علاقے خان گڑھ میں تھانہ خان گڑھ پولیس کی اس اہم کامیابی پر ڈی ایس پی صدر سرکل مرزا محمد صدیق نے ایس ایچ او تھانہ خان گڑھ اختر ہجبانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

ڈی ایس پی مرزا محمد صدیق نے بتایا کہ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث سات گینگز کے ارکان کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے سات عدد موٹرسائیکلیں، چھ عدد مویشی، سولر پلیٹس، موٹر پمپ، طلائی زیورات، نقدی اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا۔ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ برآمد کیا گیا سامان 65 مقدمات سے متعلق ہے ، جس کی مجموعی مالیت 43 لاکھ روپے بنتی ہے ، اور تمام ریکوری اصل مد عیان کے حوالے کر دی گئی ہے۔

اس موقع پر مدعیان اور سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے پولیس ٹیم کو پھولوں کے ہار پہنائے اور مٹھائیاں پیش کر کے کامیاب کارروائی کو سراہا۔دریں اثناء ڈی پی او مظفرگڑھ سید غضنفر علی شاہ نے تھانہ خان گڑھ پولیس کی اس نمایاں کامیابی پر پولیس افسران اور جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں