تمام منصوبوں میں معیار کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت

تمام منصوبوں میں معیار کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت

اسسٹنٹ کمشنر رومان خلیل کا سنانواں میں بیوٹیفکیشن اور ستھرا پنجاب کا جائزہ

کوٹ ادو (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بیرسٹر بلال سلیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو میر رومان خلیل نے میونسپل کمیٹی آفس سنانواں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ملازمین کی حاضری چیک کی اور دفتری امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام ملازمین اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور پابندی سے ادا کریں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بعد ازاں سنانواں شہر میں جاری ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کا معائنہ کیا، خصوصاً میونسپل کمیٹی آفس کی دیواروں پر جاری بیوٹیفکیشن کے کام کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں میں معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کام کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے۔

بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر میر رومان خلیل نے یونین کونسل دایہ چوکھا کا دورہ کیا، جہاں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی ستھرائی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے فیلڈ میں موجود عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو صاف اور صحت مند ماحول میسر آ سکے ۔اسسٹنٹ کمشنر نے سنانواں شہر کی مختلف مارکیٹوں کا بھی دورہ کیا اور تجاوزات کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ تمام شاہراہوں اور بازاروں کو فوری طور پر کلیئر کیا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور کسی کو عوامی راستوں پر ناجائز قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں