قومی معیشت شدید بحرانی کیفیت سے دوچار :عطاء الرحمن
ایس ایم تنویر کی تجاویز کو قومی معاشی پالیسی کا باقاعدہ حصہ بنایا جائے
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار )چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز خانیوال کے صدر خواجہ عطائالرحمن نے کہا کہ پورے ملک کی تاجر برادری یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرستِ اعلیٰ ایس ایم تنویر کے جرات مندانہ، حقائق پر مبنی اور ملکی مفاد میں دیے گئے موقف کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے خواجہ عطائالرحمن نے کہا کہ اس وقت قومی معیشت شدید بحرانی کیفیت سے دوچار ہے ، جس سے نکلنے کے لیے وقتی اور نمائشی اقدامات کے بجائے ٹھوس، دوررس اور حقیقت پسندانہ معاشی پالیسیوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ ایس ایم تنویر کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز کو قومی معاشی پالیسی کا باقاعدہ حصہ بنایا جائے کیونکہ یہی تجاویز ملک کو معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہیں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حقیقی ترقی صرف اور صرف صنعتوں کی بقا، برآمدات میں نمایاں اضافے ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور صنعت کاروں کو سستی بجلی، گیس اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی سے ممکن ہے ۔ بدقسمتی سے موجودہ حالات میں صنعت کار سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے ، جس کے نتیجے میں صنعتی پہیہ سست اور بیروزگاری میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کے مہنگے ترین معاہدے قومی معیشت اور صنعتی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ ان معاہدوں نے پیداواری لاگت کو ناقابلِ برداشت حد تک بڑھا دیا ہے ، جس کی وجہ سے مقامی صنعت عالمی منڈی میں مقابلہ کرنے سے قاصر ہوتی جا رہی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان مہنگے بجلی کے معاہدوں کا فوری ازسرِنو جائزہ لیا جائے اور انہیں ختم کر کے صنعت و تجارت کے لیے سستی توانائی کو یقینی بنایا جائے ۔