وہاڑی میں گوشت ،برائلر کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

 وہاڑی میں گوشت ،برائلر کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

بکرے کے گوشت کا سرکاری نرخ 1500 روپے کلو ،2200 میں فروخت

وہاڑی (نمائندہ خصوصی ) میں کھانے پینے کی اشیاء خصوصاً گوشت کی قیمتوں میں عدم استحکام کے باعث مہنگائی مافیا نے من مانے نرخ مقرر کر لیے ہیں۔ بکرے کے گوشت کے بعد بڑے گوشت اور برائلر کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ، جس سے عام شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے بکرے کے گوشت کا سرکاری نرخ 1500 روپے فی کلو مقرر کیا ہے ، مگر شہر اور گردونواح میں قصاب 2200 سے 2500 روپے فی کلو وصول کر رہے ہیں۔ اسی طرح بڑے گوشت کا سرکاری نرخ 800 روپے فی کلو ہونے کے باوجود قصاب 1100 سے 1200 روپے فی کلو وصول کر رہے ہیں۔برائلر گوشت کی قیمتوں میں بھی روزانہ اضافہ ہو رہا ہے ، جس سے غریب اور متوسط طبقہ گوشت خریدنے سے قاصر ہو رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامے صرف کاغذوں تک محدود رہ گئے ہیں، بازاروں میں ریٹ لسٹ آویزاں نہیں کی جا رہیں اور چیک اینڈ بیلنس کا مؤثر نظام موجود نہیں۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیاں نہ ہونے کے برابر قرار دیتے ہوئے فوری کریک ڈاؤن اور بھاری جرمانے کا مطالبہ کیا ہے ۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ جب تک عملی اقدامات نظر نہیں آئیں گے ، مہنگائی کا عفریت قابو میں آنا ناممکن ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں