ٹمبر مارکیٹ فائر سٹیشن فوری فعال کیا جائے ، انجمن تاجران
غفلت، جرائم اورقبضے ،عوام کے جان و مال خطرے میں،محمد شاکر ودیگر
ملتان (لیڈی رپورٹر) مرکزی انجمن تاجران ٹمبر مارکیٹ کے صدر مہر محمد شاکر حسین، جنرل سیکرٹری چوہدری محمد سرور اور سینئر نائب صدر قمر زمان خان وزیر نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی مبینہ غفلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ٹمبر مارکیٹ فائر اسٹیشن کی فوری تعمیرِ نو کی جائے اور اسے ریسکیو 1122 کا باقاعدہ فعال مرکز بنایا جائے ۔ تاجروں نے کہا کہ اسٹیشن میں جدید فائر بریگیڈ گاڑیاں اور 1122 ایمبولینسیں فوری فراہم کی جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت رسپانس ممکن ہو سکے ۔تاجروں نے بتایا کہ ٹمبر مارکیٹ کے گردونواح میں غلہ منڈی، لوہا مارکیٹ اور ہزاروں نفوس پر مشتمل گنجان آبادیاں ہیں، جہاں کسی بھی وقت بڑے حادثات رونما ہو سکتے ہیں، لیکن موجودہ فائر اسٹیشن عملاً جواء خانہ بن چکا ہے اور جرائم پیشہ عناصر کا مرکز بن گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بھی اسٹیشن پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے ، جس کی وجہ سے کوڑا کرکٹ اٹھانے والی گاڑیاں اسٹیشن پر کھڑی ہیں اور پورے علاقے میں تعفن، بیماریاں اور ماحولیاتی آلودگی پھیل رہی ہے ۔تاجروں نے کہا کہ جواء خانہ اور جرائم پیشہ عناصر کی آزاد آمدورفت کی وجہ سے فائر اسٹیشن کے ساتھ واقع مسجد کا تقدس بھی پامال ہو رہا ہے ، جو ناقابلِ برداشت ہے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر ملتان سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ٹمبر مارکیٹ فائر بریگیڈ اسٹیشن کا دورہ کریں، زمینی حقائق کا جائزہ لیں اور عوام و تاجروں کے دیرینہ مطالبے کو فوری پورا کریں۔ تاجروں نے احتجاج کا حق بھی محفوظ رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔