100سے کم طلبہ والے سکول آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ
مقصد تعلیمی معیار بہتربنانا اور سرکار ی وسائل کامؤثراستعمال کرناہے ، ذرائع
ملتان (خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں 100 سے کم طلبہ والے سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس فیصلے کے تحت ایسے سکولوں کو مرحلہ وار نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا تاکہ تعلیمی معیار بہتر ہو اور سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال ممکن بنایا جا سکے ۔ ذرائع کے مطابق پہلے دو مراحل مکمل ہونے کے بعد فیز تھری میں مزید سکولوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا، جو جنوری کے اختتام تک مکمل ہونے کا امکان ہے ۔فیز تھری میں خاص طور پر دیہی اور دور دراز علاقوں کے سکول شامل ہوں گے ، جہاں طلبہ کی تعداد انتہائی کم ہے اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے حکام کے مطابق کم طلبہ والے سکولوں میں تدریسی لاگت زیادہ اور تعلیمی نتائج تسلی بخش نہیں ہوتے ۔ اسی وجہ سے یہ سکول نجی تعلیمی اداروں یا غیر سرکاری تنظیموں کو سپرد کیے جا رہے ہیں ۔تاکہ بہتر انتظام، اساتذہ کی دستیابی اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔آؤٹ سورسنگ کے بعد بھی سکولوں کی عمارتیں، فرنیچر اور دیگر اثاثے حکومت کی ملکیت رہیں گے ، جبکہ نجی شراکت دار محکمہ تعلیم کی پالیسی کے مطابق تعلیمی سرگرمیاں چلائیں گے ۔ تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اساتذہ کے روزگار کے تحفظ اور ممکنہ فیسوں میں اضافے سے متعلق واضح پالیسی بھی ضروری ہے ۔ دوسری جانب اساتذہ تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ اساتذہ کا مستقبل محفوظ بنایا جائے اور انہیں بے روزگار نہ کیا جائے ۔