میپکو ہیڈکوارٹر میں انٹیگریٹڈ پاور سوئٹ پر تربیتی سیشن
آئی پی ایس کے جدید فیچرز، مؤثر استعمال اور آپریشنل بہتری پر بریفنگ
ملتان (خصوصی رپورٹر)پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کی ٹیم کے زیرِ اہتمام میپکو ہیڈکوارٹر میں انٹیگریٹڈ پاور سوئٹ (آئی پی ایس) کے حوالے سے تربیتی سیشن منعقد ہوا۔ تربیتی سیشن کا مقصد میپکو کے متعلقہ افسران اور عملے کو سسٹم کے جدید فیچرز، مؤثر استعمال اور ادارہ جاتی آپریشنز میں بہتری سے آگاہ کرنا تھا تاکہ روزمرہ امور کو جدید آئی ٹی تقاضوں کے مطابق انجام دیا جا سکے ۔پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کے ماہرین نے آئی پی ایس کے مختلف ماڈیولز پر تفصیلی بریفنگ دی، جن میں ڈیٹا مینجمنٹ، رپورٹس کی تیاری، سسٹم انٹیگریشن اور درپیش عملی مسائل کے حل کے طریقہ کار شامل تھے ۔ شرکا کو بتایا گیا کہ آئی پی ایس کے ذریعے مختلف شعبوں کے ڈیٹا کو ایک پلیٹ فارم پر مربوط کر کے کام کی رفتار اور شفافیت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر آئی ٹی میپکو ملک رشید احمد نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی ایس ایک جامع اور جدید نظام ہے جو میپکو کے مختلف آپریشنز کو یکجا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کے مؤثر نفاذ سے ڈیٹا کی درستگی، فیصلہ سازی میں بہتری اور صارفین کو فراہم کی جانے والی سروس کے معیار کو بلند کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی سسٹمز کی اپ گریڈیشن اور عملے کی مسلسل تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ادارہ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ رہ سکے ۔ بعدازاں سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا جس میں شرکا کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے گئے ۔ میپکو انتظامیہ نے امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کی تربیتی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔