صفائی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی:بلال سلیم
روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے عمل کی نگرانی کی جائے ، متعلقہ افسروں کو ہدایات
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم نے شہر کے مختلف وارڈز اور ضلع کے دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سرپرائز وزٹ کیا۔ وزٹ کا مقصد شہر و دیہات میں جاری صفائی کے عمل کی مانیٹرنگ، عملے کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور شہریوں کو بہتر، صاف و صحت مند ماحول فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر تحصیل انچارج ڈائیوو محمد نادر عباس اور مانیٹرنگ آفیسر محمد ذریاب قادر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا اور عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور کوڑا کرکٹ کی بروقت اٹھان ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری و دیہی علاقوں میں صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر بلال سلیم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے عمل کی نگرانی کی جائے اور جہاں کہیں بھی کوتاہی پائی جائے وہاں فوری کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ صفائی کے عمل میں انتظامیہ سے تعاون کریں اور اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر اور دیہی علاقوں کو صاف، خوبصورت اور صحت مند بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔