غزہ بورڈ میں پاکستان کی شمولیت بڑی سفارتی کامیابی:ثاقب خورشید

غزہ بورڈ میں پاکستان کی شمولیت بڑی سفارتی کامیابی:ثاقب خورشید

دنیا پاکستان کو ذمہ دار ،انٹر نیشنل مسائل حل کرنے میں موثر فریق سمجھ رہی

 وہاڑی(نمائندہ خصوصی )مسلم لیگ ن کے ایم پی اے میاں محمد ثاقب خورشید نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ امن پلان پروگرام کے تحت مجوزہ انتظامی و سفارتی زیر بحث اقدامات کے تسلسل میں مختلف ممالک کے سربراہان کو دعوت نامے ارسال کیے ہیں تاکہ وہ امن و امان کی بحالی میں جنگ بندی کے بعد استحکام، امدادی رسائی، بنیادی سہولیات کی بحالی، اور طویل المدتی سیاسی حل کی سمت میں مشترکہ کوششوں میں شریک ہوں پاکستانی وزیراعظم میاں شہباز شریف کی بھی بورڈ میں شمولیت نا صرف مثبت اور باوقار ہے بلکہ بڑی سفارتی کامیابی ہے اب پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ، سفارتی وزن اور اعتماد قابل رشک ہے لیکن بعض ڈیجیٹل دہشت گرد اپنے منفی پراپیگنڈہ سے ملکی مفادات سے کھیل رہے ہیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار سول ڈپلومیسی کے ساتھ ساتھ ملٹری ڈپلومیسی کی مربوط کاوشیں بھی شامل ہیں۔

اب دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار، بالغ نظر اور انٹر نیشنل مسائل حل کرنے میں موثر فریق سمجھ رہی ہے اس پروگرام میں پاکستان کی شرکت یا مثبت ردِعمل کی بنیاد کسی کیمپ کی سیاست نہیں، بلکہ فلسطینی عوام خصوصاً غزہ کے بے گناہ اور نہتے شہریوں پر ہونے والے مظالم کی تکالیف کم کرنے اور ایک منصفانہ، پائیدار حل کی عملی حمایت ہے ہمارا ماضی گواہ ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے فلسطین کے حقِ خود ارادیت، شہریوں کے تحفظ، فوری جنگ بندی، بلا رکاوٹ انسانی امداد اور تعمیرِ نو کی حمایت کرتا آیا ہے اس تناظر میں یہ دعوت پاکستان کو موقع دیتی ہے کہ وہ محض بیانات تک محدود نہ رہے بلکہ عملی طور پر بین الاقوامی فورمز پر انسانی بحران کے خاتمے کے لیے موثر انداز میں اپنی آواز بلند کرے اور ایسے فیصلوں میں اپنا اصولی موقف شامل کرے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں