میلسی کے بازاروں میں لٹکتی برقی تاریں شہریوں کیلئے خطرہ

میلسی کے بازاروں میں لٹکتی برقی تاریں شہریوں کیلئے خطرہ

کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ، پیپلز پارٹی کی فوری اقدامات کی اپیل

میلسی (نامہ نگار) میلسی شہر کے مصروف بازاروں میں بوسیدہ، خستہ حال اور بے ترتیب لٹکتی برقی تاریں شہریوں کے لیے خاموش قاتل بنتی جا رہی ہیں، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ تحصیل بازار، رحمانیہ بازار، صرافہ بازار اور قائداعظم روڈ جیسے اہم تجارتی مراکز میں پرانی برقی تاروں کی ابتر حالت نہ صرف دکانداروں بلکہ خریداروں اور راہگیروں کے لیے بھی شدید خطرہ بن چکی ہے ، مگر متعلقہ ادارے مسلسل غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔پیپلز پارٹی سٹی میلسی کے صدر ملک نذیر احمد ملتانی ودیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ یہ بوسیدہ تاریں شہریوں کی جانوں کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہی ہیں،بارش کے دوران کرنٹ آنے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں جس سے کسی بھی وقت قیمتی جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔ رہنماؤں نے واپڈا اور انتظامیہ سے فوری اقدامات کی اپیل کی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں