انتظامیہ خصوصی بچوں کے تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے متحرک

انتظامیہ خصوصی بچوں کے تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے متحرک

ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کا سپیشل ایجوکیشن سکول کا دورہ،تدریسی عمل ،ماحول کا جائزہ

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ضلعی انتظامیہ نے خصوصی بچوں کے تعلیمی اداروں کی بہتری پر خصوصی توجہ مرکوز کر دی ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید نے گورنمنٹ گرلز سیکنڈری سکول آف سپیشل ایجوکیشن برائے متاثرہ سماعت کا دورہ کیا۔ انہوں نے سکول میں سماعت سے محروم طالبات کے تدریسی عمل، اساتذہ کی حاضری اور مجموعی تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ زیر تعلیم طالبات کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم و تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں بروئے کار لا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل بچے صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں، انہیں معیاری تعلیم اور مناسب رہنمائی فراہم کر کے معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جا سکتا ہے ۔ملیحہ رشید نے مزید کہا کہ ضلع بھر کے خصوصی تعلیمی اداروں کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں، تاکہ خصوصی بچوں کو سازگار، محفوظ اور مثبت تعلیمی ماحول میسر آ سکے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں