جانوروں کی چربی سے آئل تیار کرنیوالے قانونی گرفت میں
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، آئل پروسیسنگ یونٹ سیل ،ایک ملزم گرفتار
ملتان (لیڈی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جانوروں کی چربی سے کھلا آئل تیار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہے ۔ ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ رمیض ظفر کی سربراہی میں اڈہ لاڑ میں آئل انڈسٹری کا معائنہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں آئل پروسیسنگ یونٹ کو سیل کردیا گیا، ایک شخص گرفتار اور فیکٹری مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ بھاری مقدار میں بلیچنگ پاؤڈر اور دیگر سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اس یونٹ میں جانوروں کی چربی سے آئل تیار کرکے مختلف گھی فیکٹریوں کو سپلائی کیا جا رہا تھا۔ کیمیکلز کا غیر قانونی استعمال کرتے ہوئے آئل کی ریفائننگ کی جا رہی تھی، جس کی مزید جانچ کیلئے آئل کے سیمپل لیبارٹری بھی بھیجے گئے ہیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے پروڈکشن کو اصلاح تک بند رکھنے کی ہدایت جاری کی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ کھلا آئل تیار کرنا اور مارکیٹ میں فروخت کرنا قانوناً جرم ہے ۔ شہریوں کو محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے فوڈ سیفٹی ٹیمیں مسلسل سرگرم ہیں اور غیر معیاری مصنوعات کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔