پیرا فورس کا آپریشن،کروڑوں مالیتی سرکاری اراضی وا گزار،20کیبن مسمار

پیرا فورس کا آپریشن،کروڑوں مالیتی سرکاری اراضی وا گزار،20کیبن مسمار

نوبہارکینال چوک دنیاپور روڈ پر کارروائی ، بھاری مشینری کا استعمال، اشیائے خورد ونوش کی کنٹرول ریٹ پر فروخت کیلئے ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، سخت مانیٹرنگ کا حکم

ملتان (وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر گزشتہ روز تجاوزات مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔ نو بہار کینال چوک دنیا پور روڈ پر پیرا فورس نے انسداد تجاوزات آپریشن انجام دیا جس کے دوران 20 غیر قانونی کیبن مسمار کر کے کروڑوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔اس موقع پر بھاری مشینری کے ذریعے کیبن مسمار کئے گئے اور غیر قانونی قبضے میں موجود سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ پیرا فورس تحصیل سٹی کے انچارج محمد فرخ نے اس آپریشن کی قیادت کی اور تمام اقدامات ڈپٹی کمشنر کے ہدایات کے مطابق مکمل کئے گئے ۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ شہر میں تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور ہر روز انسداد تجاوزات آپریشن کے ذریعے قبضے ختم کر کے ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جائے گی۔ علاوہ ازیں نعمان صدیق نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس کی صدارت کی جس میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں، سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد اور مارکیٹ مانیٹرنگ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا مؤثر معائنہ یقینی بنایا جائے ۔اجلاس کے دوران افسران نے پرائس کنٹرول اقدامات، جاری چیکنگ مہم اور جرمانوں سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کارکردگی مزید بہتر بنانے اور فیلڈ میں موجودگی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول میکنزم کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں