تاجروں کا ایک ساتھ متعدد محکموں کی کارروائیوں پر احتجاج
انجمن تاجران نے وزیرِ اعلیٰ سے قوانین کے نفاذ میں نرمی کی اپیل کردی
وہاڑی (خبرنگار ،نمائندہ خصوصی ) پنجاب بھر کی تاجر برادری نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے متعدد محکموں کی جانب سے قوانین کے سخت اور فوری نفاذ کو ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے اس پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ تفصیل کے مطابق انجمن تاجران کے صدر ارشاد بھٹی، چیئرمین حاجی ساجد مسعود مغل، سیکرٹری راؤ خلیل احمد اور انجمن کریانہ ایسوسی ایشن ضلع وہاڑی کے صدر حاجی محمد اسلم مدنی نے پنجاب تاجر کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ ان کی قیادت اور گورننس کی بہتری کے اقدامات کو سراہا جاتا ہے ، مگر موجودہ صورتحال میں سب سے زیادہ دباؤ تاجر طبقہ برداشت کر رہا ہے ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ایک ہی دکان یا کاروباری یونٹ پر بیک وقت 10 سے 15 محکموں کی کارروائیاں چھوٹے تاجروں کیلئے شدید مالی اور انتظامی بوجھ بن چکی ہیں۔ تاجروں نے تجویز دی کہ قوانین کا نفاذ بڑے شہروں اور کمرشل مراکز سے مرحلہ وار شروع کیا جائے تاکہ اصلاحات پائیدار اور قابلِ عمل بن سکیں۔ انہوں نے وزیرِ اعلیٰ سے تاجر برادری کی تجاویز پر ہمدردانہ غور کرنے کی اپیل کی۔