سیف سٹی تاجروں کے تحفظ کا انقلابی اقدام، ظفر صدیقی
منصوبے سے پورے شہر کو کور کیا جارہا، 400سے زائد کیمرے فعال ،ایس پی
ملتان (لیڈی رپورٹر)چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان کے ایک وفد نے سٹی صدر ظفر اقبال صدیقی کی قیادت میں سیف سٹی کنٹرول روم ملتان کا دورہ کیا۔ وفد میں جنوبی پنجاب کے صدر چودھری طارق کریم، شیخ طاہر امجد، خواجہ عمار یاسر، عزیزالرحمن انصاری، ممتاز علی بابر، احتشام الحق سمیت مختلف بازاروں کے صدور اور تاجر رہنما شریک تھے ۔وفد کو سیف سٹی کے مختلف شعبہ جات سے متعلق ملٹی میڈیا کے ذریعے تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ تاجروں نے ای چالان، نگرانی کے نظام اور شہری سہولیات سے متعلق سوالات بھی کئے۔
اس موقع پر ایس پی سیف سٹی نصراللہ وڑائچ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت پورے شہر کو کور کیا جا چکا ہے اور اس وقت 400 سے زائد کیمرے فعال ہیں۔ بلیک لسٹ گاڑیوں کی فوری نشاندہی ممکن ہے جبکہ جرائم پیشہ عناصر کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بچوں یا خواتین کی گمشدگی کی صورت میں تصاویر فراہم کرنے پر پورے ریجن میں فوری سرچ آپریشن شروع ہو جاتا ہے ۔ جنرل بس سٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن کو بھی مکمل طور پر کور کیا جا رہا ہے ، جبکہ ویڈا بس سروس کے کیمرے بھی سیف سٹی سے منسلک کئے جا رہے ہیں۔ظفر اقبال صدیقی نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ شہریوں اور تاجروں کے تحفظ کے لیے ایک انقلابی قدم ہے ، جس سے جرائم میں واضح کمی آئے گی۔