تنخواہوں میں اضافے کا وعدہ پورا نہ ہوا، پیف اساتذہ مشکلات کا شکار
وزیرتعلیم نے 20ہزار ماہانہ اعزازیہ دینے کا اعلان کیا، کئی ماہ گزرنے کے بعد بھی عملدرآمد نہ کیا جاسکا،معمولی تنخواہ کیساتھ مہنگائی کا مقابلہ کرتے اساتذہ پریشانی میں مبتلا
ملتان(خصوصی رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سکولوں میں اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ تاحال نہ ہو سکا بتایا گیا ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) کے زیرِ سایہ چلنے والے پارٹنر سکولوں میں کام کرنے والے اساتذہ کو تنخواہوں میں اضافے سے تاحال محروم رکھا گیا ہے ، حالانکہ صوبائی وزیرِ تعلیم کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ اعلان کیا جا چکا تھا۔ذرائع کے مطابق پیف پارٹنر سکولوں کے اساتذہ کے لئے ماہانہ 20 ہزار روپے معاوضہ مقرر کرنے کا اعلان کئی ماہ قبل کیا گیا تھا، تاہم تاحال اس فیصلے پر عملی طور پر عملدرآمد نہ ہو سکا، جس کے باعث اساتذہ میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کے اعلان کو کافی عرصہ گزر چکا ہے ، لیکن پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اس حوالے سے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ دوسری جانب پیف حکام کا مؤقف ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے باضابطہ احکامات اور نوٹیفکیشن موصول ہوئے بغیر تنخواہوں میں اضافے پر عملدرآمد ممکن نہیں۔ متاثرہ اساتذہ نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ تنخواہوں میں اضافے سے متعلق فوری طور پر باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے تاکہ پیف پارٹنر سکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو ریلیف مل سکے اور ان کے معاشی مسائل میں کمی آ سکے۔اساتذہ کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں کم تنخواہوں کے ساتھ تدریسی ذمہ داریاں نبھانا انتہائی مشکل ہو چکا ہے، لہٰذا حکومت اس اہم مسئلے پر فوری توجہ دے۔