وفاقی محتسب کے یوم تاسیس پر ریجنل آفس میں تقریب
ایک سال میں 13 ہزار 550 سائلین کو مفت انصاف فراہم کیا، زاہد ملک
ملتان،سکندرآباد (کورٹ رپورٹر،نامہ نگار) وفاقی محتسب کے ادارے کے قیام کے 43 سال مکمل ہونے پر وفاقی محتسب ریجنل سیکرٹریٹ ملتان میں 43 ویں یومِ تاسیس کی مناسبت سے کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت ریجنل ہیڈ ڈاکٹر محمد زاہد ملک نے کی، جس میں ایڈوائزر ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد رشید قمر، کنسلٹنٹ آئی آر ڈی و انچارج فیسیلیٹیشن ڈیسک شیخ نور محمد سمیت دیگر افسران اور عملے نے شرکت کی۔ڈاکٹر محمد زاہد ملک نے خطاب میں کہا کہ ریجنل آفس ملتان نے سال 2025 کے دوران 13 ہزار 550 سائلین کو بروقت اور مفت انصاف فراہم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ اپنے 43 سالہ سفر میں ساڑھے پچیس لاکھ سے زائد خاندانوں کو ریلیف فراہم کر چکا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی زیر نگرانی سرکاری دفاتر اور محکموں میں شفافیت، جوابدہی، گڈ گورننس اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر زاہد ملک نے کہا کہ غریب اور نادار سائلین کی دادرسی سے دلی سکون حاصل ہوتا ہے اور ریجنل آفس ملتان کے دروازے سائلین کے لیے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں۔ اس موقع پر ایڈوائزر محمد رشید قمر اور کنسلٹنٹ آئی آر ڈی و انچارج فیسیلیٹیشن ڈیسک شیخ نور محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے دن رات کوشاں ہے ۔