نوسر بازی کے واقعات‘ شہری لاکھوں روپے سے محروم

نوسر بازی کے واقعات‘ شہری لاکھوں روپے سے محروم

سی سی ڈی افسر ظاہرکر کے لطیف، شادی کا جھانسہ دیکر سلطان کو لوٹ لیا

وہاڑی‘بورے والا (نمائندہ خصوصی ‘نمائندہ دنیا) نوسر بازی کے دو مختلف واقعات میں دو شہریوں کو لاکھوں روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ آن لائن فراڈ کے خلاف سی سی ڈی کو متحرک کرنے کے بعد فراڈیوں نے لوٹ مار کیلئے سی سی ڈی کا نام استعمال کرنا شروع کر دیا ہے ۔تفصیل کے مطابق نواحی گاؤں 329 ای بی کے رہائشی لطیف چودھری کو ایک نامعلوم نمبر سے فون کال موصول ہوئی۔ کال کرنے والے نے خود کو سی سی ڈی کا انسپکٹر وقاص احمد ظاہر کیا اور بتایا کہ تمہارے بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا ہے ، اگر کارروائی سے بچنا ہے تو فوری رقم بھجواؤ۔ سادہ لوح شہری لطیف چودھری نے بیٹے کو مصیبت سے بچانے کے لیے کالر کے کہنے پر 40 ہزار روپے منتقل کر دئیے ۔ بعد ازاں جب اس نے اپنے بیٹے عبدالرحمان سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہ معمول کے مطابق اپنے کام پر موجود ہے اور اس کے ساتھ کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جس سے واضح ہوا کہ یہ آن لائن نوسر بازی تھی۔میاں چنوں کے رہائشی سلطان علی کو ایک منظم گروہ نے شادی کا جھانسہ دے کر لوٹ لیا۔ گروہ کی خاتون رکن سیماں بی بی نے شادی کا وعدہ کر کے لاکھوں روپے کی شاپنگ کرائی اور موبائل فون بھی حاصل کر لیا۔ ملزمہ کی مہندی کی تقریب بھی منعقد کی گئی، تاہم بعد ازاں لڑکی کے گھر سے مبینہ فرار کا بہانہ بنا کر شادی سے انکار کر دیا گیا۔ مزید پتہ جوئی پر معلوم ہوا کہ خاتون پہلے سے شادی شدہ ہے اور اپنے سسرال میں ہی مقیم ہے ۔ تھانہ صدر پولیس نے دونوں واقعات کی تفتیش شروع کر دی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں