رکشا اور منی ٹرک میں تصادم‘ایک شخص جاں بحق
حادثہ رکشے کا ٹائراچانک نکل جانے سے پیش آیا‘مشتاق موقع پر چل بسا فیاض ، اس کی بیوی اسمااور 3 سالہ بچہ اذان زخمی ہوگیا‘ ہسپتال منتقل
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر) چوک سرور شہید میں ڈگری کالج سنانواں موڑ کے قریب رکشا اور منی ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون اور کمسن بچے سمیت تین افراد زخمی ہو گئے ۔تفصیل کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پھٹہ رکشا کا ٹائر اچانک نکل گیا، جس کے باعث رکشا بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے منی ٹرک سے ٹکرا گیا۔ تصادم کے نتیجے میں رکشا سوار محمد مشتاق موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ محمد فیاض، اس کی اہلیہ اسماء اور تین سالہ بچہ اذان زخمی ہو گئے ۔اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور جاں بحق شخص کی میت کو ضروری کارروائی کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال چوک سرور شہید منتقل کر دیا۔ زخمیوں کو بھی مزید علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔حادثہ کے بعد علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔ پولیس نے واقعہ کی قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔