میپکو کا بجلی میٹرزشناختی کارڈ کیساتھ منسلک کرنیکا فیصلہ
مقصد درست اور شفاف ڈیٹا مرتب کرنا،صارفین کی تصدیقی مہم شروع
گگومنڈی(نامہ نگار)میپکو کی صارفین کی تصدیقی مہم کا آغاز، بجلی میٹرز کو قومی شناختی کارڈ سے منسلک کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق ملتان الیکٹرک پاور کمپنی نے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات کی روشنی میں اپنے سروس ایریا میں گھریلو اور کمرشل صارفین کی تصدیقی مہم کا آغاز کر دیا ہے ا س مہم کے تحت بجلی کے میٹر کو صارف کے قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) سے منسلک کیا جائے گا تاکہ درست اور شفاف ریکارڈ مرتب کیا جا سکے ۔سپرنٹنڈنگ انجینئر وہاڑی سرکل ملک وسیم اختر نے بتایا کہ بجلی منصفانہ تقسیم اور درست بلنگ کے لیے صارفین کا مستند ڈیٹا ناگزیر ہے ، سی این آئی سی کی لنکنگ سے اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ ہر صارف صرف اسی بجلی کا بل ادا کرے جو وہ خود استعمال کرتا ہے اور بلنگ میں ممکنہ غلطیوں کا خاتمہ ہو سکے ،کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے لائف لائن ٹیرف، قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ریلیف اور کسانوں کے لیے دی جانے والی سبسڈیز کی درست فراہمی بھی سی این آئی سی لنکنگ سے ممکن ہو گی۔