بی آئی ایس پی ،رقوم میں کٹوتیوں پر 49 ڈیوائسز بلاک

بی آئی ایس پی ،رقوم میں کٹوتیوں پر 49 ڈیوائسز بلاک

ناجائز کٹوتی پر زیرو ٹالرنس ، بلا امتیاز کارروائیاں جاری، جہانزیب کھرل

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ڈائریکٹر بی آئی ایس پی جہانزیب کھرل نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے 86 میں سے 49 ڈیوائسز بلاک کر دی ہیں۔ یہ کارروائی مستحقین سے ناجائز کٹوتی میں ملوث عناصر کے خلاف عمل میں لائی گئی ہے ۔ڈائریکٹر بی آئی ایس پی جہانزیب کھرل نے کہا کہ مستحق خواتین کے حق پر ڈاکا ڈالنے والوں کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی کا عمل جاری ہے اور آئندہ بھی ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی فلاح کے لیے قائم کیے گئے اس پروگرام کو کرپشن سے پاک بنانا انتظامیہ کی پہلی ترجیح ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر کی جانب سے مستحق خواتین سے ناجائز کٹوتیوں کی شکایات موصول ہو رہی تھیں، جس پر فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈیوائسز کو بلاک کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات بھی جاری ہیں اور قصورواروں کے خلاف اضافی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈائریکٹر بی آئی ایس پی نے مستحق خواتین سے اپیل کی کہ وہ بلاخوف و خطر اپنی شکایات درج کروائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ شکایات کے ازالے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے اور خواتین کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں