سکولوں میں موبائل فون پر پابندی، سخت کارروائی کا حکم
حکومت کا نوٹس، اساتذہ اور طلبہ عملدرآمد کا پابند بنانے کی ہدایت جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر)حکومتِ پنجاب اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کے باوجود پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے موبائل فون کے استعمال کا سلسلہ جاری ہے ، جس پر اعلیٰ حکام نے سخت نوٹس لیتے ہوئے باقاعدہ کارروائی کا حکم جاری کر دیا ہے ۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام ضلعی تعلیمی افسر، سربراہانِ ادارہ، اساتذہ اور طلبہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سکول اوقات کے دوران موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ دورانِ ڈیوٹی موبائل فون کا استعمال تدریسی ماحول کو متاثر کرتا ہے ، طلبہ کی توجہ تعلیم سے ہٹاتا ہے اور سکولوں کے نظم و ضبط میں خلل پیدا کرتا ہے۔
غیر ضروری موبائل استعمال سے تعلیمی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ بلکہ اساتذہ اور طلبہ دونوں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔محکمانہ ہدایات میں تمام سربراہانِ ادارہ کو پابند کیا گیا ہے کہ سکول کی حدود میں کوئی استاد یا طالب علم دورانِ ڈیوٹی موبائل فون استعمال نہ کرے ۔ صرف ہنگامی صورتِ حال میں موبائل کے استعمال کی اجازت ہوگی۔ اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کلاس روم میں مکمل طور پر تدریسی سرگرمیوں پر توجہ دیں اور طلبہ کو بھی اس پابندی پر عملدرآمد کا پابند بنائیں۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں پنجاب ایجوکیشن سروس رولز کے تحت محکمانہ کارروائی کی جائے گی، جس میں شوکاز نوٹس، وضاحت طلبی، جرمانہ اور دیگر تادیبی اقدامات شامل ہو سکتے ہیں۔